Urdu news

Sunday, 25 July 2021

آزاد کشمیرانتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا

گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے اور وہ کسی اتحاد کے بغیر ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 میں سے 42 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا جبکہ پیپلز پارٹی نے 9 اور مسلم لیگ ن نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔

پولنگ کی شرح گزشتہ انتخابات سے کم

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں پولنگ کا ٹرن آؤٹ 58 فیصد رہا جب کہ 2016 کے عام انتخابات میں یہ شرح 65 فیصد تھی۔

کس پارٹی نے کتنے ووٹ لئے

الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے ذرائع کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2021 میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 6 لاکھ 13 ہزار 590 ووٹ حاصل کئے، جس کی شرح 32.5 فیصد بنتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 4لاکھ 91ہزار 91 ووٹ لئے جس کی شرح 25.65 بنتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی 3لاکھ 49 ہزار895 ووٹ لئے جس کی شرح 18.28 فیصد بنتی ہے۔ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے ایک لاکھ 53 ہزار 861 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 8.4 فیصد بنتی ہے، آزاد امیدواروں نے ایک لاکھ 33 ہزار 136 ووٹ حاصل کئے اور ان کی شرح 6.95 بنتی ہے. تحریک لبیک آزاد کشمیر نے 94 ہزار 487 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 4.94 بنتی ہے۔

مریم نواز کا نتائج تسلیم نہ کرنے کا اعلان

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انتخابی نتائج پر اپنی ٹویٹ کیا کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نہ کروں گی۔ میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے اور نہ اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔اس ’بے شرم دھاندلی‘ پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی‘۔

’اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست نظرثانی کرے‘

آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر انتخابات میں تحریک انصاف کی شاندارکامیابی عام آدمی کے وزیراعظم عمران خان پرغیرمتزلزل اعتماد کا اظہار ہے، اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست دونوں پر نظرثانی کرے، آصف زرداری اور نواز شریف کو لوگ قبول کرنے کو تیار نہیں،متبادل قیادت کا وقت ہے، محب سے ملاقاتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

 

The post آزاد کشمیرانتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3iR8E2n

No comments:

Post a Comment

پی ٹی آئی ترمیم کی آڑ میں این آر او چاہتی تھی، حسن مرتضیٰ

 لاہور:  پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالا دستی اور ادار...