لاہور: پاکستان اور افغانستان کے مابین پہلی باہمی سیریز کا خواب ادھورا رہ گیا جب کہ ستمبر کے اوائل میں شیڈول 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ملتوی کردیے گئے۔
افغانستان نے پاکستان کیخلاف ہوم سیریز کی میزبانی سری لنکا میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا، آئی سی سی ورلڈ لیگ میں شامل 3ون ڈے میچز ہمبنٹوٹا میں 3سے 9 ستمبر تک شیڈول تھے، افغان اسکواڈ کا تربیتی کیمپ بھی جاری تھا مگر ملک پر طالبان کا غلبہ ہونے کے بعد حالات یکسر تبدیل ہوگئے۔
کابل ایئرپورٹ سے کمرشل پروازیں معطل ہوئیں تو لاجسٹک مسائل کی وجہ سے سیریز غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی،کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کیلیے ویزے حاصل کرکے انھیں پہلے پاکستان، یہاں سے یواے ای اور پھر کولمبو بھجوانے کا پلان بھی سامنے آیا، مگر اسی دوران کورونا کیسز بڑھنے پر سری لنکا نے10روزہ لاک ڈاؤن لگانے کااعلان کردیا۔
گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ افغان ٹیم رواں ہفتے پاکستان پہنچ کر یہاں میچز کھیلے گی،بعد ازاں بتایا گیا کہ لاجسٹک اور انتظامی مسائل کی وجہ سے سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو حامد شنواری نے کہاکہ دونوں بورڈز نے بڑی سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد مسائل اور کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیریز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے بورڈز نے ہمیشہ ہماری سپورٹ کی مگر موجودہ صورتحال میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں تھا، ہم آئی سی سی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور سیریز ورلڈکپ 2023 سے قبل کسی مناسب وقت میں شیڈول کرنے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں پہلی بار کسی باہمی سیریز میں مقابل ہورہی تھیں مگر اب اس موقع کیلیے انتظار کرنا ہوگا۔
The post پاک افغان پہلی باہمی سیریز کا خواب ادھورا رہ گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3zcb5U7
No comments:
Post a Comment