اسلام آباد / کراچی / مظفر آباد / کوئٹہ: ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار 723 ہوگئی ہے جب کہ اب تک یہ وائرس 269 افراد کی جان لے چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 783 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وائرس کا شکار افراد کی مصدقہ تعداد 12 ہزار 723 ہوگئی ہے تاہم اس میں سے 2866 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔
کہاں کتنے مریض
پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 5378 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 4232 ، خیبرپختونخوا ایک ہزار 793 ، بلوچستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 722، اسلام آباد میں 235، گلگت بلتستان میں 308 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔
ایک دن میں 15 افراد جاں بحق
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 15 افراد کی جان لے لی ہے، جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں جہاں فانی سے کوچ کرنے والوں کی تعداد 269 ہوگئی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں کورونا سے 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 78، پنجاب میں 78، بلوچستان میں 10 جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں 3،3 افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔
صحافی بھی کورونا کا شکار
آزاد کشمیر میں 2 صحافیوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیہق ہوئی ہے جس کے بعد سینٹرل پریس کلب مظفر آباد کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر اور اصول
حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کورونا سے بچنے کے لیے عبادات سمیت مختلف شعبوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل رہنما اصول جاری کردیے ہیں۔ جس کے تحت مساجد میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور بچوں کی اجازت نہیں ہوگی، رمضان المبارک کے دوران مساجد کا رخ کرنے والوں کے لیے گھر سے وضو کرکے آنا، باجماعت نماز اور تراویح کے لیے صفوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھنا، سحر و افطار کے اجتماعات نہیں ہوں، قالین یا چٹائی اٹھا کر فرش کو باقاعدگی سے کلورینٹڈ پانی سے دھونا ہوگا۔ اعتکاف کے خواہش مند گھر پر ہی اعتکاف بیٹھیں گے۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
The post کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12723 ہوگئی، 269 افراد جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/3bGNnn9
No comments:
Post a Comment