Urdu news

Wednesday, 1 September 2021

کشمیری حریت راہنُما سید علی گیلانی انتقال کرگئے

مقبوضہ سری نگر: تحریک آزادی کشمیر کی توانا آواز سمجھے جانے والے حریت رہنما سید علی  گیلانی 92 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے سابق ترجمان شیخ عبدالمتین نے سید علی گیلانی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بانی راہنُما اب ہم میں نہیں رہے۔ وہ آج شام اپنے گھر میں رحلت پاگئے ہیں۔

قابض بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کو گزشتہ 12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھاجس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی گر چکی تھی۔

29 ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والے سید علی گیلانی تحریک حریت جموں کشمیر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئر مین بھی رہے۔ وہ 3 مرتبہ جموں اور کشمیر کے حلقے سے کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا وہ ایک باہمت، نڈر اور مخلص راہنما تھے اورعمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے سید علی گیلانی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کے سرخیل اور مزاحمت کا استعارہ تھے۔ وہ کشمیریوں کے ایسے ہیرو ہیں جن پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی۔ انہوں نے کشمیرکی آزادی کے لیے طویل جدوجہد کی۔

سید علی گیلانی نے قید وبند کی صوبتیں برداشت کیں لیکن کبھی بھی بھارت کے غاضبانہ قبضے کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ان کی رحلت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جبر، جیل اور تشدد کا کوئی مرحلہ ان کے عزم آزادی کو کبھی کم زور نہ کر پایا، انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔  کشمیری قوم سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی کی منزل حاصل کرےگی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے حریت راہنُما سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی کے انتقال پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان افسردہ ہیں۔ سید علی گیلانی بیماری کے باوجود کئی سال اپنے گھر پر نظر بند رہے لیکن اپنے نظریے اور ٹھوس موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اور اپنی آخری سانس تک مقبوضہ جموں کشمیر کی تحریک آزادی میں بھر پور حصہ لیا۔ ان کے انتقال سے جو خلاء پیدا ہوا وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سید علی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبرو جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انتہائی نمایاں خدمات انجام دیں۔

The post کشمیری حریت راہنُما سید علی گیلانی انتقال کرگئے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/38xmx12

No comments:

Post a Comment

پی ٹی آئی ترمیم کی آڑ میں این آر او چاہتی تھی، حسن مرتضیٰ

 لاہور:  پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالا دستی اور ادار...