Urdu news

Monday, 29 April 2019

ملزم ڈاکٹر نے 8 سالہ بچی صبا نور کو غلط انجیکشن لگانے کا اعتراف کرلیا

کراچی: مقامی عدالت نے 8 سالہ صبا نور کو غلط انجیکشن لگانے والے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو 8 سالہ صبا نور کو غلط انجیکشن لگانے والے ملزم عدنان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جب کہ بچی کا والد ظفر اقبال بھی عدالت میں پیش ہوا۔ بچی کے والد نے بیان دیا کہ میری بیٹی کی طبعیت خراب ہوئی تو ڈاکٹر عدنان کی کلینک پہنچے،  ڈاکٹر نے ہم سے دوائیاں منگوائیں جس میں ایک انجیکشن تھا جو میری بچی کو لگایا گیا اور اسی وقت میری بیٹی دم توڑ گئی۔

ڈاکٹر عدنان  بچی کی ہلاکت کے بعد  پہلے اسے مصنوعی سانس دیتا رہا،اور پھر بچی کو دوسرے اسپتال منتقل کرنے کے لئے ہم پر زور دیا، جب ہم دوسرے اسپتال پہنچے تو پتہ چلا بچی جاں بحق ہوگئی، اسپتال کے ڈاکرز نے ہم سے فوری طبی امداد میں دی گئی ادویہ اور انجیکشن کے حوالے سے پوچھا اور کہا کہ آپ دوبارہ اسی اسپتال میں جائیں جہاں آپ کی بچی کو انجیکشن لگایا گیا تھا اور ان سے پوچھ کر آئیں کہ انہوں نے آپ کی بیٹی کو کون سا انجیکشن لگایا تھا، ہم جب ڈاکٹر عدنان کی کلینک پہنچے تو وہ فرار ہوچکا تھا۔

تفتیشی افسر اعجاز قریشی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے غلط انجیکشن لگا کر ایک معصوم بچی کی جان لی، ملزم کے خلاف گلشن اقبال پولیس نے مقدمہ درج کیا، مقدمے میں  قتل، قتل خطا  اور جعلی ڈگری کی دفعات شامل کی گئی ہیں،  ہم نے تحقیقات کی ہیں جس سے پتہ چلا ہے کہ ملزم کی ڈگری جعلی ہے،  ایک جعلی ڈگری 2002 میں کراچی یونیورسٹی کی ہے، اور  دوسری جعلی ڈگری ہومیو پیتھک کی ہے۔ ملزم نے عدالت میں جعلی ڈاکٹر ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے جعلی ڈگری ہومیو پیتھک ڈاکٹر وحید نے بنا کردی تھی، جس کے عوض مجھ سے  20 ہزار روپے لئے گئے، میں کبھی کراچی یونیورسٹی نہیں گیا۔

تفتیشی افسر نے  استدعا کہ ملزم کے جعلی ڈاکٹر ہونے کے اعتراف کے بعد عدالت  14 دن کا ریمانڈ دے تاکہ مزید تحقیقات کی جاسکیں۔ تاہم عدالت نے ملزم عدنان کو ایک دن کےجسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

 

The post ملزم ڈاکٹر نے 8 سالہ بچی صبا نور کو غلط انجیکشن لگانے کا اعتراف کرلیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2PEnVV5

No comments:

Post a Comment

پی ٹی آئی ترمیم کی آڑ میں این آر او چاہتی تھی، حسن مرتضیٰ

 لاہور:  پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالا دستی اور ادار...