پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے جس میں پاک بھارت کشیدگی سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی شریک ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری نے شرکت نہیں کی۔ ایوان میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندگان بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
اجلاس میں بھارتی جارحیت کے بعد کشیدہ صورتحال پر بحث کی جارہی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان بھارت کی جارحیت کے خلاف تحریک پیش کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ کو سفارتی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔
مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم عمران خان کے بھی خطاب کا امکان ہے جو گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اتھارٹی میں ہونے والے فیصلوں پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ مشترکہ اجلاس سے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنما اظہار خیال بھی کریں گے۔
ایوان میں آج مختلف ماحول دیکھنے میں آیا، حکومتی و اپوزیشن ارکان گھل مل گئے اور ایک دوسرے سے مصافحے کیا جس سے پارلیمنٹ میں اتحاد کی فضا دیکھنے میں آئی۔ اس سے دشمن کو یہ پیغام گیا کہ کڑے وقت میں حکومت اور اپوزیشن اختلافات ختم کرکے متحد ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی؛وزیر خارجہ اور ترجمان پاک فوج کی پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ
گزشتہ روز بھارتی جارحیت پر پارلیمانی رہنماؤں کا ان کیمرہ اجلاس ہوا تھا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بریفنگ دی تھی۔
آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کے خلاف کیے گئے اقدامات پر پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو ہم نے مؤثر جواب دیا ہے لیکن اس کی جانب سے مزید حرکت کا خدشہ موجود ہے۔ پارلیمانی رہنماؤں نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم متحد ہیں، جنگ کوئی آپشن نہیں ہے بلکہ پالیسی کی ناکامی ہے۔
The post پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2GPfRiL
No comments:
Post a Comment