اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان معطل فضائی آپریشن بحال ہوگیا جس کے بعد 234 پاکستانی طلبہ وطن پہنچ گئے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی ڈویژن کے مطابق حکومت نے چین کے لیے معطل کی گئی پروازیں بحال کردیں آج صبح 9 بجے سے پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست فضائی آپریشن شروع ہوگیا۔
چین کے شہر ارمچی سے 60 سے زائد مسافروں کو لے کر ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز ’سی زیڈ 6007‘ اسلام آباد پہنچ گئی۔ چین سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹ پر سخت اسکریننگ کی گئی۔
پاکستانی طلبا کی وطن واپسی
علاوہ ازیں چین سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلبا کی وطن واپسی شروع ہوگئی۔ سب سے پہلے 40 پاکستانی طلبا قطر ایئرلائن کے ذریعے براستہ دوحا اسلام آباد پہنچے جس کے بعد ایک اور پرواز سے مزید 82 پاکستانی طلبہ وطن واپس آئے بعدازاں مزید پاکستانی پہنچے جن کے بعد پاکستان آنے والے طالب علموں کی تعداد 234 ہوگئی۔ وزارت صحت کے عملے نے تمام طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا اور پھر گھر جانے کی اجازت دے دی۔
چین سے آنے والے مسافروں کی امیگریشن کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر تین خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیے گئے جہاں ایف آئی اے کا عملہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث 29 جنوری سے دو فروری تک چین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ چین میں کرونا وائرس سے اب تک 361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 17 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔
The post چین سے فضائی آپریشن بحال، 234 پاکستانی وطن پہنچ گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/2GRVVd2
No comments:
Post a Comment