پاکستان اور بھارتی انڈس واٹرکمشنرز کے مابین دو روزہ مذاکرات بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے، بھارت نے پاکستانی اعتراضات رد کرتے ہوئے دریائے چناب پر پکل ڈل ڈیم اور لوئرکلنئی پرکام جاری رکھنے کاعندیہ دے دیا ۔ سندھ طاس معاہدے کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت آبی جارحیت کر رہا ہے۔
پاکستان واٹرکمیشن اس سے پہلے بھی کشن گنگا اور بگلیہار ڈیموں پر کیس ہار چکا ہے، جس کی وجہ پاکستانی حکام کا بروقت فورم پر آواز نہ اٹھانا تھا۔ اس بار بھی بھارتی آبی جارحیت پر موثر آواز اب تک نہیں اٹھائی گئی ۔
یہ ایک عالمی اصول اورضابطہ ہے کہ جس ملک میں دریا نیچے کی جانب بہتے ہوئے دوسرے ملک میں داخل ہوتے ہیں، وہاں ان دریاؤں پر ڈیم بنانے کی ممانعت ہے تاکہ چلتے اور بہتے دریاؤں کے بہاؤ میں کمی نہ آئے۔پاکستان بنیادی طورپرایک زرعی ملک ہے لیکن اس وقت شدید ترین آبی قلت کا شکار ہے، اس کے سرسبز اور لہلہاتے کھیت وکھلیان اجڑچکے ہیں ۔ صورتحال اتنی المناک ہو چلی ہے کہ آیندہ ایک دہائی میں ہر طرف صحرا کی ریت اڑتی نظر آئے گی۔
پاک بھارت آبی تنازع پر انڈس واٹرکمشنرزکے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوسرے اجلاس کے دوران ہونے والی بات چیت کی اندرونی کہانی جو رپورٹ ہوئی ہے ، اس کے مطابق بھارت نے پاکستان کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنا پانی ذخیرہ کرنے میں ناکام رہا، اس نے تربیلا اور منگلا کے بعد کوئی بڑا ڈیم نہیں بنایا، جس کی وجہ سے پانی کی بڑی مقدار سمندر برد ہوجاتی ہے۔
ان کا یہ بیان حقیقت پر مبنی ہے کیونکہ پاکستان میں ڈیمز کے مسئلے کو متنازع بنانے اور باہم دست وگریباں ہونے کے سبب وطن عزیز توانائی کے شدید ترین بلکہ بد ترین بحران کا شکار ہے کیونکہ دنیا بھر میں سستی ترین بجلی پانی ہی سے پیدا کی جاتی ہے ۔
موسمیاتی تبدیلیوں کا ادراک ہم نے کبھی نہیں کیا ۔ ساری عالمی رپورٹس پڑھنے تک کی زحمت گوارہ نہیں ۔ اس وقت موسمی تبدیلیوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد کی شدید کمی ہے اور یہ کمی مزید اس وقت قحط کی صورتحال پیدا کرسکتی ہے جب بھارت اپنے ڈیمز میں ہمارے حصے کا پانی بھی روک لے گا ۔ دراصل ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی بقاء کے لیے بھارت کو سفارتی سطح پر شکست دے کر آبی جارحیت سے باز رکھنا ہوگا ۔
The post بھارت کی آبی جارحیت کون روکے گا؟ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2opXyFE
No comments:
Post a Comment