Urdu news

Friday, 31 August 2018

بجلی کی لوڈشیڈنگ میں تشویشناک اضافہ

ملک میں توانائی بحران اور بجلی کی کمی کے معاملے پر گزشتہ حکومتوں نے خوب سیاست چمکائی، زبانی دعوؤں اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے ہزارہا وعدوں کے باوجود نہ صرف ملک میں توانائی بحران باقی ہے بلکہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے اس معاملے میں مثبت پیش رفت کے بجائے اسے مزید گنجلک کردیا گیا ہے۔

ملک میں گزشتہ روز بھی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی طلب 23 ہزار میگاواٹ سے زائد رہی، دوسری جانب ہائیڈل کی پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافہ کی وجہ سے شارٹ فال مزید بڑھ گیا جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا، زیادہ بوجھ دیہی اور چھوٹے علاقوں پر ہی ڈالا گیا، مرمت کے نام پر بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رکھا گیا، شہروں میں 12 گھنٹے جب کہ دیہی علاقوں میں 17 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی، ملک میں جاری حبس کے موسم کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں مسلسل اضافہ کا رجحان ہے۔

ایسے میں 24 میں سے 17 گھنٹے بجلی کی بندش عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک بھر میں یکساں ہے، اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت تمام بڑے شہر لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں ۔ شہر قائد جو ملک کا معاشی ہب ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث بری طرح متاثر ہے، کراچی کے صرف ایک علاقے لیاری کی صورتحال یہ ہے کہ ایک گھنٹہ بجلی کی فراہمی کے بعد 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، جس کے باعث لوگوں کا کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

ایک جانب بجلی فراہمی میں تعطل کا معاملہ ہے تو دوسری جانب انفرااسٹرکچر کی بدحالی پر بھی کسی کی نظر نہیں۔ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلشن معمار میں ایک 8 سالہ بچہ بجلی کی ہائی ٹینشن وائر گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث اپنے دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا بجلی کی تار گرنے کی شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں۔ایک بچہ زندگی بھر کے لیے معذور ہوگیا اور بجلی محکمے اور گورنر سندھ کی جانب سے زبانی کلامی تشفی کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔ ملک میں تبدیلی آنے کے نعرے تو بہت لگائے گئے ہیں، صائب ہوگا کہ زبانی دعوؤں کی سابقہ روش ترک کرتے ہوئے عملی اقدامات کی طرف بھی توجہ دی جائے۔ نئی حکومت توانائی بحران پر قابو پانے سمیت بجلی محکموں کو لوڈشیڈنگ میں کمی لانے پر راغب کرے۔

The post بجلی کی لوڈشیڈنگ میں تشویشناک اضافہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2PrbNFU

No comments:

Post a Comment

پی ٹی آئی ترمیم کی آڑ میں این آر او چاہتی تھی، حسن مرتضیٰ

 لاہور:  پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالا دستی اور ادار...