Urdu news

Monday, 14 March 2022

پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا

حکومت مخالف متحدہ اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ 

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

عشائیہ کے بعد اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں حکمت عملی سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات پر اہم فیصلے کیے۔

اجلاس کے بعد فضل الرحمان نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جعلی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد عوام کی امنگوں کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی دستوری اور جمہوری دائرے میں رہ کر سامنا کرنے کے بجائے فساد کی راہ اپنا چکی ہے اور اراکین اسمبلی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، حکومت کے پاس ہمت ہے تو 172 افراد کو پورا کر لیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کارکنوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کے کونے کونے سے اسلام آباد روانہ ہو جائیں جبکہ اراکین کو پارلیمنٹ پہنچنے کے لیے مکمل کور مہیا کیا جائے گا۔

انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ 23 مارچ کو ظہر سے عصر کے درمیانی وقت میں پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی طرف چل پڑیں گے اور 24 کو اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

 

The post پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/kim8MY3

No comments:

Post a Comment

پی ٹی آئی ترمیم کی آڑ میں این آر او چاہتی تھی، حسن مرتضیٰ

 لاہور:  پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالا دستی اور ادار...