کراچی: شہر قائد کے میئر کے انتخاب کا مرحلہ آگیا، جس میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ ووٹنگ کے لیے اراکین کی آمد صبح 9 بجے سے جاری ہے۔
میئر کراچی کے انتخاب کے لیے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا جہاں ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو شناخت کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اراکین کی سہولت کے لیے 4 کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، جہاں منتخب نمائندے شناختی کارڈ دکھا کر ووٹنگ کارڈ حاصل کریں گے۔ ووٹنگ کے لیے آنے والے اراکین کو موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی میئر کے لیے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں موجود ہیں۔ علاوہ ازیں 9 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخابی معرکہ بھی آج ہوگا جب کہ 11 ٹاؤنز میں چیئرمین، وائس چیئرمین پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔
متبادل امیدواروں کی دستبرداری کے بعد میئر کراچی کے معرکے کے لیے پیپلزپارٹی کے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن میدان میں ہیں ۔ ووٹنگ کے لیے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں شو آف ہینڈز کے ذریعے پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے عمل کو نجی میڈیا کور نہیں کرسکے گا البتہ ابتدائی کارروائی سرکاری ٹی وی کے ذریعے نشر کی جائے گی، تاہم شو آف ہینڈز کو سرکاری ٹیلی ویژن بھی نہیں دکھائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی کے 25 میں سے 16 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں 8 پر پیپلز پارٹی، 6 پر جماعت اسلامی اور 2 پر تحریک انصاف کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن، ملیر ٹاؤن، ابراہیم حیدری ٹاؤن، ضلع جنوبی میں لیاری ٹاؤن، ضلع غربی میں منگھوپیر ٹاؤن، ضلع کیماڑی میں بلدیہ ٹاؤن، موریرو میر بحر ٹاؤن اور ماری پور ٹاؤن میں بلامقابلہ کامیابی ملی ہے۔
جماعت اسلامی نے ضلع کورنگی کے لانڈھی ٹاؤن، ماڈل کالونی ٹاؤن ، ضلع وسطی کے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن ، گلبرگ ٹاؤن ، لیاقت آباد ٹاؤن اور ناظم آباد ٹاؤن میں چیئرمین وائس چیئرمین کے عہدوں پر بلامقابلہ فتح حاصل کی ہے۔ تحریک انصاف نے جن ٹاؤن کی سربراہی بلامقابلہ حاصل کی ہے ان میں ضلع جنوبی کا صدر ٹاؤن اور ضلع کورنگی کا شاہ فیصل ٹاؤن شامل ہے۔
آج (15 جون) کو 9 ٹاؤنزمیں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لیے انتخابات ہونگے۔
The post میئر کراچی کا انتخاب؛ ووٹ ڈالنے کے لیے اراکین کی آمد جاری appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو » پاکستان https://ift.tt/Z1056h3
No comments:
Post a Comment